باتسلیمات ڈائریکٹر تعلقات عامہ حکومت پنجاب

صوبائی وزیر کالونیز میاں خیال احمد کاسترو نے کہا ہے کہ سماجی ترقی، امن و سلامتی اور عوامی بہبود کی حکومتی پالیسیوں پر موثرانداز میں عملدرآمد کرانے میں نمبرداری نظام بڑی اہمیت کا حامل ہے حکومت پنجاب اس نظام کو مزید مستحکم بناکر بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔انہوں نے یہ بات مرضی پورہ کے قریب شہزاد انور گجر کے ڈیرہ پر منعقدہ نمبردار کنونشن کے شرکاء سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایم این اے شیخ خرم شہزاد، صدر نمبردار ایسوسی ایشن میجر (ر) عبدالرحمن رانا و دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ کنونشن میں پنجاب بھر سے نمبرداروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر کالونیز نے مختلف اضلاع سے شرکت کرنے والے نمبرداروں کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ قانونی اور روائتی اعتبار سے نمبرداری نظام ریاست کا بے حدمعاون ہے اور نمبرداروں کو ہمیشہ عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ وہ نچلی سطح پر عوام سے مضبوط رابطہ رکھتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کررہے ہیں۔انہوں نے نمبردار کنونشن کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی تجاویز اور مشاورت کو مقدم رکھیں گے اس سلسلے میں مختلف فورم پر ان کی میٹنگز کے علاوہ درپیش مسائل بھی حل کئے جائیں گے۔ایم این اے شیخ خرم شہزاد نے نمبرداروں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے مسائل کے حل میں بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ نمبردار حضرات لوگوں کی سوچ اور مسائل سے بخوبی آگاہ ہوتے ہیں لہذا تعمیروترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے ان کی توقیر میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔صدر نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب میجر (ر) عبدالرحمن رانا نے کنونشن میں شرکت سے عزت افزائی کرنے پر صوبائی وزیر کالونیز کا شکریہ ادا کیا اور سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے نمبرداروں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کی۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں نمبرداروں کی تعداد 40 ہزار سے زائد اور فی الوقت 12 ہزار آسامیاں خالی ہیں جبکہ صرف ساڑھے پانچ ہزار نمبرداروں کے پاس ساڑھے بارہ ایکڑ زمین کی صورت میں حکومت کی گرانٹ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ بنجر زمینوں کو آباد کرنے کے لئے نمبرداروں کو فوری گرانٹ فراہم کی جائے اس طرح چار لاکھ ایکڑ زمین زیر کاشت آنے سے زرعی معشیت مستحکم ہوگی۔انہوں نے نمبرداروں کو اپنے تعارف کے لئے حکومتی شناختی کارڈ جاری کرنے، مختلف کمیٹیز میں شامل کرنے اور مختلف قوانین کے تحت نمبرداروں کے فرائض اور ذمہ داریوں میں معاونت فراہم کرنے کے علاوہ نہری نظام میں ای بلنگ سسٹم پر نظر ثانی کی ضرورت پر زور دیا۔میزبان کنونشن شہزاد انورگجر نمبردار نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کے انعقاد کا مقصد نمبرداروں کو متحرک وفعال رکھنا اور اس نظام کے استحکام کے لئے تجاویز مرتب کرناہے۔کنونشن سے اظہر عباس چٹھہ، امجد عباس اولکھ(لیہ)، شفقت بھٹی(ساہیوال)، رانا شاہد اسلام (نارووال)، شیخ محمود ربانی (گوجرہ)،رانا ابرار(سمندری)،محبوب خالد بلوچ (ملتان)،ظفر حسین گجر(خانیوال)، ثقلین خان مگسی(خانیوال)، عامر شہزاد(خوشاب)، رانا عابدرضا(ساہیوال)، راؤ بہادر علی، رانا کامران یسین، فیصل سلطان واہلہ، رائے خضر، کاشف قیوم، لیاقت علی بار، رائے مقصود خاں کھرل، رائے شہریار کھرل و دیگر نمبرداروں نے خطاب کیا اور نمبردار ایسوسی ایشن پنجاب پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد و اتفاق سے اس نظام کو مزید فعال کریں گے۔بعدازاں تحصیل جڑانوالہ، تاندلیانوالہ، چک جھمرہ اور سٹی کی تنظیموں کے عہدیداروں کی حلف برداری ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں